ڈرائیونگ کے دوران ایک ماہ میں 6 جرمانے ھو چکے ھیں ۔ اداکارہ صنم جنگ

پاکستانی اداکارہ اور میزبان صنم جنگ نے کراچی میں ای چالان سسٹم سے متعلق اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ان پر متعدد ٹریفک چالان جاری ہو چکے ہیں، جن میں بعض ایسے بھی ہیں جنہیں وہ غیر درست قرار دیتی ہیں۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں صنم جنگ نے بتایا کہ پاکستان واپس آئے انہیں ایک ماہ ہو چکا ہے اور اس مختصر عرصے میں ان پر چھ مرتبہ جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے، جس پر ان کے والد بھی ناراضی کا اظہار کر رہے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ پہلا چالان موبائل فون استعمال کرتے ہوئے ڈرائیونگ کرنے پر ہوا تھا، جسے وہ اپنی غلطی تسلیم کرتی ہیں، تاہم ان کے مطابق بعد میں ایسے جرمانے بھی موصول ہوئے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ان پر سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کا بھی چالان کیا گیا، حالانکہ وہ ہمیشہ گاڑی چلانے سے پہلے سیٹ بیلٹ ضرور باندھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک رہنے کی وجہ سے یہ عادت ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔

صنم جنگ نے مزید کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ ایسے جرمانے کیوں جاری ہو رہے ہیں جن میں انہوں نے کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں کی، جبکہ دوسری جانب انہیں گھر والوں کی ناراضی کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔