علیم خان کی سردار تنویر الیاس کے قافلے پر ہونے والے حملے کی سخت مذمت

صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے آزاد کشمیر میں پارٹی رہنما سردار تنویر الیاس کے انتخابی قافلے پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکار کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹائیں ڈلکوٹ کے علاقے میں سردار تنویر الیاس کے انتخابی قافلے پر مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی گارڈ جان کی بازی ہار گیا، جبکہ سابق مشیر سردار امتیاز شاہین سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے۔

عبدالعلیم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پرتشدد کارروائیاں اور سیاسی اختلافات کو طاقت کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں ناقابلِ قبول ہیں۔ انہوں نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی شہید سیکیورٹی اہلکار اور زخمی افراد کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر قانونی کارروائی ہونی چاہیے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔