پنجاب میں حالیہ تعلیمی اداروں سے متعلق پیش آنے والے حادثات کے بعد صوبائی حکومت نے نجی اسکولوں کی عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا
پنجاب میں حالیہ تعلیمی اداروں سے متعلق پیش آنے والے حادثات کے بعد صوبائی حکومت نے نجی اسکولوں کی عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے۔
نئے فیصلے کے تحت اب نجی اسکولوں کو اپنی عمارتوں کی مضبوطی اور حفاظتی معیار کی تصدیق کے لیے پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) سے رجسٹرڈ سول انجینئر یا منظور شدہ انجینئرنگ فرم سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) کی جانب سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کرنے کا سابقہ نظام تبدیل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نئی ذمہ داری رجسٹرڈ انجینئرز اور انجینئرنگ فرمز کو سونپی گئی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اس حوالے سے تمام ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ایجوکیشن) کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی پالیسی پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
سرکاری مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی نجی اسکول کی رجسٹریشن یا تجدید نہیں کی جائے گی۔ اس کے ساتھ تمام نجی تعلیمی اداروں کو عمارتوں کی حفاظت اور متعلقہ قانونی تقاضے مکمل کرنے کی بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔