ملک میں ترقیاتی کاموں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے سیاسی قیادت اور انتظامیہ کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے،خواجہ محمد آصف
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملک میں ترقیاتی کاموں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے سیاسی قیادت اور انتظامیہ کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے، کیونکہ عملی پیش رفت کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ رنگ روڈ کے پہلے مرحلے پر جلد کام شروع کیا جائے گا، جبکہ کھاریاں سے راولپنڈی موٹروے منصوبہ بھی عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبے شہر کی ترقی، ٹریفک کے نظام میں بہتری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں سے سیالکوٹ کی متعدد یونین کونسلیں براہِ راست فائدہ اٹھائیں گی اور علاقے میں ترقی کا ایک نیا مرحلہ شروع ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پہلے سے منظور شدہ منصوبوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں مقررہ وقت میں مکمل کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کھاریاں۔راولپنڈی موٹروے منصوبے کا تقریباً 205 ارب روپے کا ٹھیکہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کے سپرد کیا جا چکا ہے، جبکہ دریائے چناب پر زیر تعمیر پل بھی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
وزیر دفاع کے مطابق ماضی میں سیالکوٹ کو جی ٹی روڈ سے براہِ راست رسائی نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا تھا، تاہم سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے دور میں شہر کو موٹروے سے منسلک کر کے اس کمی کو دور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کے ابتدائی مرحلے میں وزیرآباد روڈ، ڈسکہ روڈ، پسرور روڈ اور کشمیر روڈ کو آپس میں ملایا جائے گا، جس سے ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی تیزی آئے گی۔
خواجہ آصف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے مالی دباؤ کے باوجود سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اہلِ سیالکوٹ اس اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور وزیراعظم کا بھی موٹروے منصوبے کی منظوری اور پیش رفت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ کھاریاں۔راولپنڈی موٹروے کی منظوری اور مالی وسائل کی فراہمی میں عسکری قیادت کا بھی اہم کردار رہا، کیونکہ یہ منصوبہ نہ صرف معاشی سرگرمیوں بلکہ قومی دفاع کے حوالے سے بھی اہم حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق رنگ روڈ شہر کی صنعت، برآمدی شعبے، ایئرپورٹ اور موٹروے کے درمیان بہتر رابطہ قائم کرے گا، جبکہ شہر میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبے بھی باہمی تعاون سے جلد مکمل کیے جائیں گے۔