یومِ الحاقِ پاکستان,پاکستان ہر سطح پرکشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا۔صدر مملکت/وزیراعظم شہباز شریف
یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر سطح پر ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی تاریخی وابستگی اور ان کی قومی خواہشات کی یاد تازہ کرتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام صدیوں پر محیط تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، جبکہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق نکالا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر توجہ دی جائے اور اقوام متحدہ اپنی منظور شدہ قراردادوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے کردار ادا کرے۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 19 جولائی 1947 کی تاریخی قرارداد کشمیری عوام کی اجتماعی خواہشات کی عکاس تھی اور الحاقِ پاکستان کی قرارداد نے تحریکِ آزادیٔ کشمیر میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت اختیار کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کا تعلق مشترکہ تاریخ، مذہب، ثقافت اور جغرافیائی قربت پر مبنی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اپنے اصولی مؤقف کے مطابق جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔