لاہور کے علاقے ڈیفنس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی گاڑی کے قریب مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی گاڑی کے قریب مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کرنے والے ایک نوجوان کو پولیس نے مختصر کارروائی کے بعد حراست میں لے لیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم نے اپنی گاڑی کے ذریعے وفاقی وزیر کے قافلے کی گاڑی کو اوورٹیک کیا اور بعد ازاں مبینہ طور پر فضا میں فائرنگ کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ رات ڈیفنس اے کے علاقے میں پیش آیا۔ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی سے بھی مدد حاصل کی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ سفر کر رہے تھے کہ ایک گاڑی نے بائیں جانب سے آگے نکلتے ہوئے مبینہ طور پر پانچ فائر کیے۔ ان کے مطابق انہوں نے مشتبہ گاڑی کا تعاقب کیا اور قریبی ناکے پر پولیس کو فوری اطلاع دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ ان کی گاڑی کو نشانہ بنا کر نہیں کی گئی بلکہ یہ ہوائی فائرنگ تھی، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔