نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے نورین نیازی کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 20 جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی بہن نورین نیازی کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 20 جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق نورین نیازی کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 160 کے تحت نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں انہیں مقررہ تاریخ پر پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کا کہا گیا ہے۔
نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نورین نیازی نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر ایسا مواد شیئر کیا جس سے ایک ریاستی ادارے کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 20 جولائی کو دوپہر 12 بجے اسلام آباد کے سیکٹر G-13 میں قائم نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے دفتر میں پیش ہوں۔
نوٹس کے مطابق اگر وہ مقررہ وقت پر پیش نہ ہوئیں تو ان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 174 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ نورین نیازی کے خلاف الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں سے متعلق مبینہ طور پر جھوٹا اور اشتعال انگیز مواد نشر کیا، جس کے حوالے سے ایجنسی تحقیقات کر رہی ہے۔