پاسدارانِ انقلاب نے ایک ہی روز کے دوران دو امریکی ایم کیو نائن ڈرونز کو مار گرایا
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک ہی روز کے دوران دو امریکی ڈرونز ایم کیو نائن کو مار گرایا ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان کے مطابق ایک ڈرون بوشہر جبکہ دوسرا اہواز کے قریب فضائی دفاعی نظام کی کارروائی میں تباہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج گرائے گئے امریکی ڈرونز کی تعداد دو ہو گئی ہے، جبکہ گزشتہ روز بھی ملکی فضائی حدود میں مبینہ طور پر داخل ہونے والے ایک امریکی ڈرون کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ادھر روسی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکی میزائل دفاعی نظام سے نمٹنے کی نئی صلاحیت حاصل کر لی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران کے جدید میزائل ہدف کی جانب انتہائی تیز رفتاری سے پیش قدمی کرتے ہیں اور دورانِ پرواز اپنی سمت اور پوزیشن تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے انہیں روکنا زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ ایران کس طرح حساس فوجی اہداف کو زیادہ درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کر رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ روس نے ایران کے ساتھ حساس انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کیا۔ اخبار کے مطابق ایک سابق روسی انٹیلی جنس اہلکار نے بتایا کہ اس تعاون میں محدود نوعیت کی معلومات شامل ہوتی ہیں، جن میں امریکی جنگی بحری جہازوں اور طیاروں کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات بھی شامل ہو سکتی ہیں۔