فیفا ورلڈ کپ فائنل ۔ ارجنٹائن کے نام تاریخ کا سب سے ناپسندیدہ ریکارڈ
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول اضافی وقت میں اسپین کے فارورڈ فیران ٹوریس نے اسکور کیا۔
اس شکست کے ساتھ ارجنٹینا کے نام ورلڈ کپ فائنلز کی تاریخ کا ایک منفرد اور غیر مطلوب ریکارڈ بھی درج ہو گیا۔ مقررہ 90 منٹ کے دوران ارجنٹینا کی ٹیم حریف کے گول پر ایک بھی شاٹ آن ٹارگٹ نہ لگا سکی، جبکہ اسپین نے پورے مقابلے میں کھیل پر واضح برتری برقرار رکھی اور مسلسل خطرناک حملے کیے۔
اعداد و شمار کے مطابق اسپین نے مقررہ وقت میں گول کی جانب 15 کوششیں کیں، جن میں سے 9 شاٹس ہدف پر رہیں۔ اس کے برعکس ارجنٹینا مقررہ وقت میں گول کی سمت ایک بھی مؤثر شاٹ نہ لگا سکا، جس کے باعث وہ ورلڈ کپ فائنل کی تاریخ میں ایسی پہلی ٹیم بن گئی جس نے 90 منٹ کے دوران گول پر کوئی شاٹ آن ٹارگٹ نہیں کیا۔
اسپین کے مضبوط دفاع نے لیونل میسی سمیت ارجنٹینا کے تمام جارحانہ کھلاڑیوں کو مؤثر کھیل پیش کرنے کا موقع نہ دیا۔ اگرچہ گول کیپر ایمیلیانو مارٹینز نے کئی اہم بچاؤ کیے، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے اور ارجنٹینا اپنے عالمی اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہا۔