آبنائے ہرمز پر ایران کا مکمل کنٹرول برقرار ہے. ایرانی پاسدارانِ انقلاب
July 21, 2026
3:23 pm
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا مکمل کنٹرول برقرار ہے اور جب تک امریکی کارروائیاں جاری رہیں گی، ایران بھی اپنے جوابی اقدامات جاری رکھے گا۔
ترجمان کے مطابق فی الحال آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی، جبکہ اسے دوبارہ مکمل طور پر کھولنے یا اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکی فوجی سرگرمیاں خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔
ادھر امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں موجود اپنے شہریوں کے لیے نیا سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سیکیورٹی صورتحال غیر یقینی ہو سکتی ہے۔
امریکی حکام نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتہائی محتاط رہیں، اپنی نقل و حرکت محدود رکھیں اور ممکنہ سفری رکاوٹوں کے لیے ذہنی طور پر تیار رہیں، کیونکہ پروازوں کی منسوخی یا تاخیر کا امکان موجود ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران دنیا کے مختلف حصوں میں امریکی مفادات یا تنصیبات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس لیے امریکی شہریوں کو حالات پر مسلسل نظر رکھنے اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔