کوئٹہ میں ایک خاندان میں ایک ہی وقت میں پانچ بچوں کی ولادت جن میں تین بچیاں اور دو بچے شامل ہیں

کوئٹہ میں ایک خاندان میں ایک ہی وقت میں پانچ بچوں کی ولادت ہوئی ہے، جن میں تین بچیاں اور دو بچے شامل ہیں۔

یہ منفرد ولادت شہر کے ایک نجی اسپتال میں ہوئی، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں والدہ اور تمام نومولود بچوں کی دیکھ بھال جاری ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق احتیاطی طور پر پانچوں بچوں کو آئندہ دس روز تک خصوصی نگہداشت (نیونیٹل کیئر یونٹ) میں رکھا جائے گا تاکہ ان کی صحت پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔

اہل خانہ نے بتایا کہ والدین کے پہلے ہی تین بچے موجود تھے، جبکہ پانچ نئے بچوں کی آمد کے بعد خاندان میں بچوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق والدہ اور تمام نومولود بچوں کی حالت تسلی بخش ہے، تاہم انہیں مکمل طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے تاکہ صحت سے متعلق کسی بھی ممکنہ پیچیدگی سے بروقت نمٹا جا سکے۔