پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری مہم کے حوصلہ افزا نتائج, پولیو وائرس کی شرح 48.1 فیصد سے کم ہو کر 13.1 فیصد تک آ گئی
پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری مہم کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جہاں ماحولیاتی نگرانی کے اعداد و شمار میں وائرس کی موجودگی میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
قومی پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی تازہ رپورٹ کے مطابق رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران پولیو وائرس کے مثبت ماحولیاتی نمونوں کی شرح 48.1 فیصد سے کم ہو کر 13.1 فیصد تک آ گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری سے جون کے عرصے میں مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 369 سے گھٹ کر 100 رہ گئی۔ صرف جون کے مہینے میں ملک بھر سے 127 ماحولیاتی نمونے جمع کیے گئے، جن میں 117 نمونے پولیو وائرس سے پاک پائے گئے، جبکہ صرف 10 نمونوں میں وائرس کی موجودگی سامنے آئی۔
صوبائی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سے حاصل کیے گئے تمام 31 نمونے منفی رہے۔ سندھ میں 29 میں سے 28، خیبرپختونخوا میں 34 میں سے 30 اور بلوچستان میں 23 میں سے 18 نمونوں میں بھی پولیو وائرس نہیں پایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سال 2026 کے دوران اب تک ملک بھر میں پولیو کے مجموعی طور پر تین کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ انسدادِ پولیو مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات بدستور جاری ہیں۔