بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فائرنگ , سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے سیکیورٹی گارڈ جان کی بازی ہار گئے
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے سیکیورٹی گارڈ جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک عدالتی افسر سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ قومی شاہراہ کے قریب ولی خان پاٹک کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے جج صاحبان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ طارق لاشاری سمیت دو افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جج صاحبان کوئٹہ سے سیشن کورٹ مستونگ جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی پر حملہ کیا گیا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔