وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کے لیے میٹا کی جانب سے متعارف کرائے گئے تربیتی پروگرام کا خیرمقدم

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں  کے لیے میٹا کی جانب سے متعارف کرائے گئے تربیتی پروگرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کمپنی کو ملک میں ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں مزید تعاون کی دعوت دی ہے۔

جمعرات کے روز وفاقی وزیر تجارت سے میٹا کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں وزارتِ تجارت اور میٹا کے نمائندوں نے ایس ایم ایز کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران میٹا نے پاکستان کو ای کامرس اور ڈیجیٹل پالیسیوں کی تیاری میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ میٹا ایک خصوصی پروگرام کے تحت ایک ہزار پاکستانی ایس ایم ایز کو مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آن لائن کاروباری حکمت عملی سے متعلق مفت تربیت فراہم کرے گا۔

حکام کے مطابق یہ تربیتی پروگرام اگست سے نومبر تک جاری رہے گا، جس میں خواتین کاروباری افراد اور چھوٹے شہروں سے تعلق رکھنے والے کاروباروں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔

اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ پاکستانی کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک مؤثر رسائی دلانے کے لیے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت سے بھرپور استفادہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ای کامرس اور مصنوعی ذہانت سے متعلق قومی پالیسیوں کو حتمی شکل دینے کے عمل میں مصروف ہے تاکہ ڈیجیٹل معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔