وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو ہر ہفتے ایک سرکاری اسکول میں خود تدریس کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو ہر ہفتے ایک سرکاری اسکول میں خود تدریس کرنے کی ہدایت کے بعد وزیر تعلیم نے اس فیصلے پر اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ انہیں انگریزی اور کیمسٹری سے خصوصی دلچسپی ہے، اس لیے وہ تدریسی سلسلے کا آغاز انہی مضامین سے کریں گے۔ ان کے مطابق پرائمری سطح پر انگریزی جبکہ ہائی اسکول کی سطح پر کیمسٹری پڑھائیں گے، تاہم مستقبل میں دیگر مضامین بھی خود پڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے وہ باقاعدہ مختلف سرکاری اسکولوں میں جا کر کلاسز لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ہفتے کسی ایک اسکول کا اچانک دورہ کیا جائے گا اور پہلے سے کسی کو اس بارے میں اطلاع نہیں دی جائے گی تاکہ زمینی صورتحال کا حقیقی اندازہ لگایا جا سکے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ وہ اساتذہ کے پیشے کو انتہائی باوقار سمجھتے ہیں اور خود استاد کا کردار ادا کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی اس ہدایت کا مقصد اسکولوں میں موجود مسائل، تدریسی معیار اور عملی حالات کا براہِ راست جائزہ لینا ہے۔ اساتذہ اور طلبہ سے براہِ راست ملاقات کے ذریعے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اور کمزوریوں کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ وہ صرف فائلوں یا رپورٹس پر انحصار کرنے کے بجائے خود اسکولوں کا دورہ کر کے مسائل کا جائزہ لینے اور ان کے عملی حل پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق اس اقدام سے سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار مزید بہتر بنانے کی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔