راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں زیر علاج 23 روزہ نومولود بچی کے انگوٹھا کٹنے کا واقعہ
راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں زیر علاج 23 روزہ نومولود بچی کے انگوٹھے کو نقصان پہنچنے کے واقعے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ بچی لبابہ کے والد قیصر کی درخواست پر درج کیا گیا، جس میں ایک نرس کو نامزد کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جب والد اپنی بیٹی کی عیادت کے لیے نرسری پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ بچی کا انگوٹھا زخمی اور کٹا ہوا ہے۔ ان کے مطابق ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے بتایا کہ یہ واقعہ مبینہ طور پر نرس نیلم صدیق سے دورانِ ڈیوٹی پیش آنے والی غلطی کے باعث رونما ہوا۔
والد نے ایف آئی آر میں مزید کہا کہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ واقعے کی مکمل انکوائری کی جائے گی اور نتائج سے آگاہ کیا جائے گا، تاہم ان کے بقول اب تک انہیں کوئی باضابطہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ نومولود بچی کی پیدائش تقریباً 23 روز قبل اسی اسپتال میں ہوئی تھی۔ پیدائش کے بعد سانس لینے میں دشواری کے باعث اسے ہولی فیملی اسپتال کی نرسری میں علاج کے لیے رکھا گیا تھا، جہاں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔