خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 28 تک پہنچ گئی
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا میں 19 جولائی سے جاری مون سون بارشوں اور اچانک آنے والے سیلابی ریلوں کے نتیجے میں مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 28 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 19 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ پانچ روز کے دوران جان سے ہاتھ دھونے والوں میں 3 خواتین اور 15 بچے بھی شامل ہیں۔ شدید بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث 10 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے، جبکہ مجموعی طور پر 47 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 37 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں سے پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال، دیر اور ایبٹ آباد سمیت متعدد اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، ٹانک، تورغر، کرم اور وزیرستان کے مختلف علاقوں سے بھی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔