عبدالعلیم خان کا آزاد کشمیر میں موٹرویز، سیاحت اور تعلیم کے فروغ کا اعلان

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت مری اور مظفرآباد کے درمیان موٹروے کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت کرے گی، جبکہ میرپور کو پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا سے جدید شاہراہوں کے ذریعے منسلک کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں مختلف سیاسی اجتماعات کے دوران آزاد کشمیر میں ایئرپورٹ اور موٹروے کی تعمیر کے متعدد وعدے کیے گئے، تاہم کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود ان منصوبوں پر عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ ان کے بقول جب انہوں نے مری ایکسپریس وے منصوبے کا اعلان کیا تو دیگر حلقوں نے بھی موٹروے منصوبوں پر بات کرنا شروع کر دی۔

عبدالعلیم خان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خطے کی ترقی میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا اور سیاحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں عالمی معیار کے فائیو اسٹار ہوٹلز اور ریزورٹس قائم کیے جائیں گے تاکہ مقامی معیشت مضبوط ہو اور نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ آزاد کشمیر کا ہر بچہ تعلیم حاصل کرے، کوئی بھی طالب علم اسکول سے باہر نہ رہے اور شرح خواندگی کو سو فیصد تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ علاج کی غرض سے لوگوں کو دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے دو سال قبل وزارتِ مواصلات کی ذمہ داری سنبھالی تو نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی آمدن 66 ملین تھی، جو مختلف اصلاحات اور اقدامات کے باعث بڑھ کر 130 ملین تک پہنچ چکی ہے۔