بالاکوٹ کے قریب پنجاب یونیورسٹی کی بس حادثے کا شکار، 16 ملازمین زخمی

بالاکوٹ کے نواحی علاقے میں پنجاب یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ ونگ کی ریپڈ بس ایک حادثے کا شکار ہو گئی۔ بس میں یونیورسٹی کے 19 ملازمین سوار تھے، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 16 ملازمین زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر مانسہرہ کے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔ طبی امداد فراہم کیے جانے کے بعد تمام زخمیوں کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

ڈرائیور نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ سامنے سے آنے والی ایک گاڑی سے تصادم سے بچنے کی کوشش کے دوران بارش کے باعث سڑک پھسلن زدہ تھی، جس کی وجہ سے بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے ملازمین ذاتی تفریحی دورے پر ناران اور کاغان گئے ہوئے تھے۔ حادثے کے بعد پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے زخمی ملازمین کی دیکھ بھال اور ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔