محکمہ موسمیات کی آئندہ پانچ روز تک بارشوں اور گرج چمک کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ پانچ روز کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی مختلف اوقات میں ہونے والی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے بھی کئی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں تیز ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب شدید بارشوں کے پیش نظر ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے باعث صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے تمام ضلعی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران برساتی نالوں، ندیوں، بجلی کے کھمبوں اور خستہ حال عمارتوں کے قریب جانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہا جا سکے۔