موبائل فون صارفین پر ٹیکسوں کا بوجھ برقرار، 100 روپے کے لوڈ پر بڑی کٹوتی

ملک بھر میں موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین اب بھی مختلف ٹیکسوں کی ادائیگی کر رہے ہیں، جس کے باعث ریچارج کرائی گئی رقم کا ایک بڑا حصہ ٹیکس کی مد میں منہا ہو جاتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اگر کوئی صارف 100 روپے کا موبائل بیلنس لوڈ کراتا ہے تو اس میں سے پہلے ایڈوانس انکم ٹیکس کی مد میں تقریباً 13.04 روپے کاٹ لیے جاتے ہیں، جو 15 فیصد شرح کے برابر بنتے ہیں۔

اس کے بعد باقی رہ جانے والی رقم پر 19.5 فیصد سیلز ٹیکس لاگو ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں مزید تقریباً 14.19 روپے کٹ جاتے ہیں۔

اس طرح 100 روپے کے موبائل ریچارج پر مجموعی طور پر تقریباً 27.23 روپے مختلف ٹیکسوں کی مد میں منہا ہو جاتے ہیں، جبکہ صارف کے موبائل اکاؤنٹ میں صرف 72.77 روپے کا بیلنس دستیاب رہتا ہے۔ اس طرح موبائل سروس استعمال کرنے والے صارفین پر مجموعی ٹیکس کا بوجھ تقریباً 34.5 فیصد تک پہنچ جاتا ہے۔