پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار، چناب میں پانی کی سطح میں کمی کا رجحان

مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہے، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر دریاؤں کے بہاؤ میں استحکام دیکھا گیا ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر اب بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق کالا باغ میں پانی کا بہاؤ تقریباً 3 لاکھ 34 ہزار کیوسک، چشمہ میں 3 لاکھ 70 ہزار کیوسک جبکہ تونسہ بیراج پر تقریباً 3 لاکھ 13 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں سیلابی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور پانی کی سطح میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ مرالہ، خانکی، قادرآباد اور تریموں کے مقامات پر اس وقت نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ مرالہ میں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 43 ہزار کیوسک، خانکی میں ایک لاکھ 38 ہزار کیوسک، قادرآباد میں ایک لاکھ 35 ہزار کیوسک جبکہ تریموں کے مقام پر ایک لاکھ 84 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

ادارے کے مطابق دریائے ستلج اور دریائے جہلم میں پانی کی صورتحال معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی کے بلوکی اور سدھنائی کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ بلوکی میں پانی کا بہاؤ تقریباً 81 ہزار کیوسک اور سدھنائی میں 60 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی پر بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ نارووال کے نالہ بسنتر میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے، جبکہ وزیرآباد کے نالہ پھلکو میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جہاں پانی کا بہاؤ تقریباً 5 ہزار کیوسک ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ کے مطابق بالائی علاقوں میں حالیہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا تھا، تاہم دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹ ایریاز میں بارشوں کا سلسلہ تھم چکا ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چناب میں طغیانی کی شدت میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔