لاہور میں اورنج لائن، میٹرو بس اور سپیڈو کا پرانا کارڈ سسٹم ختم، نیا ڈیجیٹل نظام متعارف

لاہور میں عوامی ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال ہونے والی اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس اور سپیڈو سروس میں ٹوکن اور پرانے اسمارٹ کارڈ کا نظام ختم کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مسافروں کے لیے نئی ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔

ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق پرانے ٹریول کارڈز میں موجود بیلنس واپس نہیں کیا جائے گا، تاہم کارڈ کی سکیورٹی رقم کے طور پر 130 روپے متعلقہ اسٹیشن سے وصول کیے جا سکتے ہیں۔ مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے پرانے کارڈ مقررہ مراکز پر جمع کرا دیں۔

حکام کے مطابق اب سفر کے لیے ٹی کیش کارڈ، موبائل ایپلی کیشن اور اے ٹی ایم یا بینک کارڈ کے ذریعے کرایہ ادا کیا جا سکے گا، جس کا مقصد ادائیگی کے نظام کو مزید جدید اور آسان بنانا ہے۔

دوسری جانب بعض مسافروں نے شکایت کی ہے کہ پرانے کارڈ سسٹم کی بندش کے باوجود ان سے کارڈ ری چارج کروائے گئے، جبکہ اس تبدیلی کے بارے میں پیشگی آگاہی بھی فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔