لنکا پریمیئر لیگ میں نیا تنازع، شاہین آفریدی کے معاملے پر وضاحت سامنے آگئی
لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) ایک بار پھر تنازعات کی زد میں آ گئی ہے۔ اس مرتبہ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے متعلق پیش آنے والے واقعے نے توجہ حاصل کر لی، جس کے بعد انہوں نے معاملہ اینٹی کرپشن یونٹ کے حکام کے نوٹس میں بھی لایا۔
ذرائع کے مطابق کولمبو کیپس کے خلاف میچ سے قبل کینڈی رائلز کی ٹیم مینجمنٹ نے شاہین آفریدی کو بتایا تھا کہ وہ اس مقابلے میں “امپیکٹ پلیئر” کے طور پر میدان میں اتریں گے۔ اس قانون کے تحت نامزد کھلاڑی میچ کے دوران کسی دوسرے کھلاڑی کی جگہ بیٹنگ یا بولنگ کے لیے شامل ہو سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کینڈی رائلز کی اننگز کے دوران کوچ نے شاہین آفریدی کو آگاہ کیا کہ ٹیم شیٹ میں غلطی کے باعث انہیں امپیکٹ پلیئر کے طور پر شامل نہیں کیا جا سکا۔ اس صورتحال پر فاسٹ بولر نے حیرت کا اظہار کیا اور واقعے سے متعلق اینٹی کرپشن یونٹ کے آفیشل کو بھی آگاہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے بعد شاہین آفریدی نے وطن واپس آنے پر غور کیا، تاہم بعد ازاں فرنچائز انتظامیہ اور لیگ آرگنائزرز نے ان سے معذرت کرتے ہوئے معاملہ حل کیا، جس کے بعد انہوں نے ٹیم کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ رواں ایڈیشن میں پاکستان کے محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، محمد وسیم جونیئر اور عاکف جاوید بھی مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر رہے ہیں، جبکہ پاکستانی امپائر آصف یعقوب بھی ٹورنامنٹ میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔
دوسری جانب لنکا پریمیئر لیگ کے ترجمان نے واقعے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ میچ ریفری کو غلط ٹیم شیٹ جمع کرائے جانے کی وجہ سے پیش آیا، اور اس کا تعلق کسی اور معاملے سے نہیں تھا۔