امریکی کانگریس کے وفد کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی و معاشی تعاون پر تبادلہ خیال

امریکی ایوانِ نمائندگان کے اراکین ریان کیتھ زنکے اور مائیکل جیمز نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور پاکستان و امریکا کے درمیان معاشی روابط کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان کی معاشی استعداد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کا مضبوط معیشت، تجارت کے فروغ اور بہتر علاقائی روابط سے گہرا تعلق ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات کا مقصد سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ دونوں فریقوں نے نجی شعبے کے تعاون، تجارتی روابط میں توسیع اور اقتصادی شراکت داری کے مزید مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے اختتام پر امریکی وفد نے پرتپاک استقبال پر پاکستانی عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔