عالمی یومِ ہیپاٹائٹس: صدر اور وزیراعظم کا بیماری کے خاتمے کے عزم کا اعادہ
عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ پاکستان محدود وسائل کے باوجود ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے، اس لیے اس بیماری پر قابو پانے کے لیے قومی سطح پر مشترکہ کوششیں، مسلسل اقدامات، عوامی آگاہی اور احتیاطی تدابیر ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کو صحتِ عامہ کے سنگین مسئلے کے طور پر ختم کرنا قومی ہدف ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ہیپاٹائٹس کے خلاف حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ 2025 میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے قومی پروگرام کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت لاکھوں شہریوں کی مفت اسکریننگ اور علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، نجی شعبہ اور متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اس بیماری کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں، تاکہ 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا مقررہ ہدف حاصل کیا جا سکے۔