یوٹیوب نے شارٹس ویڈیوز کے لیے کسٹم تھمب نیل فیچر متعارف کرا دیا

یوٹیوب نے اپنے صارفین کی دیرینہ درخواست کو مدنظر رکھتے ہوئے شارٹس ویڈیوز کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے تحت تخلیق کار اب اپنی مختصر ویڈیوز کے لیے اپنی پسند کا تھمب نیل منتخب یا اپ لوڈ کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق اس اپ ڈیٹ کا مقصد کریئیٹرز کو اپنی ویڈیوز زیادہ مؤثر انداز میں پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے، تاکہ ان کے مواد کی نمائش بہتر ہو اور زیادہ ناظرین تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت صرف یوٹیوب پارٹنر پروگرام سے منسلک تخلیق کاروں کے لیے دستیاب ہے۔ ایسے صارفین اب اپنی شارٹس ویڈیوز کے لیے کسٹم تھمب نیل اپ لوڈ کر سکیں گے، جس سے ان کے مواد کی پیشکش مزید نمایاں ہو جائے گی۔

یوٹیوب نے یہ بھی بتایا ہے کہ یوٹیوب اسٹوڈیو کے ذریعے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے صارفین پہلے سے شائع شدہ شارٹس ویڈیوز کے تھمب نیلز میں بھی تبدیلی کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ انہیں ویڈیو کے لیے تجویز کیے گئے تین مختلف فریمز میں سے کسی ایک کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

اس سے قبل یہ سہولت صرف طویل دورانیے کی ویڈیوز کے لیے دستیاب تھی، تاہم اب اسے شارٹس ویڈیوز تک بھی توسیع دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین پہلے کی طرح ویڈیو کے کسی بھی فریم کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق تجویز کردہ تھمب نیلز ویڈیو کے موضوع، انداز اور مواد کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کیے جائیں گے تاکہ ناظرین کی توجہ زیادہ مؤثر انداز میں حاصل کی جا سکے۔ یوٹیوب نے عندیہ دیا ہے کہ یہ فیچر مرحلہ وار مزید صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا۔