ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر میں اضافہ کیا جائے.وزیراعظم شہباز شریف
کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ریفائنریز ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ریفائنریز کی بہتری سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا، جبکہ ماحول دوست اور معیاری ایندھن کی فراہمی بھی ممکن بنائی جا سکے گی۔ وزیراعظم نے اوگرا کو ہدایت دی کہ وہ اپنی کارکردگی مزید مؤثر بنانے اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق اصلاحات متعارف کرائے، تاکہ توانائی کے شعبے میں شفافیت، مسابقت اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں موجود آئل ریفائنریز کی پیداواری استعداد بڑھانے کے لیے ان کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ نئی پالیسی کی منظوری کے بعد اس پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے ذریعے اصلاحاتی اقدامات کی رفتار تیز کی جائے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں دیرپا اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کے ساتھ ساتھ قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے روڈ شوز کا انعقاد بھی کیا جائے۔