اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میںرکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کو قصوروار قرار
لاہور کی سیشن عدالت میں کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کی۔ سماعت کے دوران اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے وکیل عدنان احسان جبکہ ثاقب چدھڑ کی طرف سے رانا معروف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ثاقب چدھڑ سے متعلق تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں اور تفتیشی رپورٹ میں انہیں قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ان کی اہلیہ سمیرا نے دو روز قبل اپنا موبائل فون این سی سی آئی اے کے حوالے کیا، جسے فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
دوران سماعت مومنہ اقبال کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کی رہائی ان کی موکلہ کے لیے خدشات پیدا کر سکتی ہے، لہٰذا ان کی عبوری ضمانت مسترد کی جائے۔
عدالت نے فریقین کے وکلا کو آئندہ پیشی پر حتمی دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر مبینہ ہراسگی اور دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔