پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان کی نجی زندگی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بن گئی
پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان کی نجی زندگی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بن گئی ہے، جہاں ان کے شوہر فیصل راؤ سے مبینہ علیحدگی کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ عرصے میں نادیہ خان کی جانب سے خاندانی زندگی سے متعلق کم تصاویر اور پوسٹس شیئر کیے جانے کے بعد بعض یوٹیوبرز نے دعویٰ کیا کہ ان کی اور فیصل راؤ کی راہیں جدا ہو چکی ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ یوٹیوبر مہرین سبطین سمیت چند دیگر سوشل میڈیا شخصیات نے بھی مبینہ طلاق سے متعلق دعوے کیے، جس کے بعد مختلف پلیٹ فارمز پر اس حوالے سے قیاس آرائیوں کا سلسلہ تیز ہو گیا۔
اگرچہ نادیہ خان نے ان افواہوں پر براہِ راست کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا، تاہم انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شوہر فیصل راؤ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی۔ اگرچہ اس تصویر کے ساتھ انہوں نے طلاق کی خبروں کی واضح تردید نہیں کی، لیکن متعدد سوشل میڈیا صارفین نے اسے گردش کرنے والی افواہوں پر بالواسطہ ردعمل قرار دیا۔
نادیہ خان گزشتہ کچھ عرصے سے فیملی وی لاگنگ میں بھی کم نظر آ رہی ہیں اور اپنی توجہ زیادہ تر پیشہ ورانہ سرگرمیوں، خصوصاً ٹی وی شوز “کیا ڈرامہ ہے” اور “رائز اینڈ شائن” پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ نادیہ خان نے جنوری 2021 میں ریٹائرڈ پاک فضائیہ کے افسر فیصل راؤ سے دوسری شادی کی تھی۔ دونوں کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے عمومی تاثر مثبت رہا ہے، جبکہ نادیہ خان ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھنے کو ترجیح دیتی ہیں۔