رکھنی میں دہشتگردوں کے حملے میں ڈی ایس پی مرید بگٹی شہید، سرچ آپریشن جاری
بلوچستان کے ضلع بارکھان کی تحصیل رکھنی میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی مرید بگٹی شہید جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ بارکھان کے علاقے کھٹہ چوکی کے قریب پیش آیا، جہاں مسلح حملہ آوروں نے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ حملے میں ڈی ایس پی مرید بگٹی موقع پر شہید ہوگئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے حملہ آوروں کے تعاقب میں ہیں اور انہیں قانون کے مطابق انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
شاہد رند نے مزید کہا کہ حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔