وفاقی تعلیمی بورڈ نے سال 2026 کے نہم اور دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کر دیے

وفاقی تعلیمی بورڈ نے سال 2026 کے نہم اور دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔ نتائج کے مطابق پہلی دس پوزیشنز میں سے سات طالبات نے اپنے نام کیں، جبکہ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کا کوئی بھی طالب علم ٹاپ پوزیشن حاصل نہ کر سکا۔

نتائج کے اعلان کی تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر فیڈرل بورڈ کے چیئرمین نے بتایا کہ رواں سال مجموعی طور پر 2 لاکھ 92 ہزار 831 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔ امتحانات کے دوران نقل کے 86 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 1006 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ امتحانی عمل کی نگرانی کے لیے 2012 سپروائزری عملہ اور 6996 انویجیلیٹرز تعینات کیے گئے۔

چیئرمین کے مطابق جوابی پرچوں کی جانچ کے لیے 4855 اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئیں، جبکہ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر 10 ہزار 706 اساتذہ نے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔

سائنس گروپ میں افیرا اعجاز نے 1089 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ آمنہ نعمان 1088 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ حذیفہ حیدر 1086 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات نوجوانوں کی محنت اور کامیابیوں کا اعتراف ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بدلتی ہوئی دنیا میں ترقی کے لیے مسلسل سیکھنا اور خود کو وقت کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علم ایک قیمتی سرمایہ ہے، جسے اپنی قومی روایات اور جدید تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے آگے بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔