لاہور میں فائرنگ کے واقعے میں چوہدری عبداللہ طاہر جاں بحق

لاہور میں فائرنگ کے ایک واقعے میں معروف کنٹریکٹر اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق صوبائی اسمبلی امیدوار چوہدری عبداللہ طاہر جان کی بازی ہار گئے۔

ذرائع کے مطابق چوہدری عبداللہ طاہر اپنی رہائش گاہ واقع گلبرگ سے معمول کے طبی معائنے کے لیے ڈاکٹر کے پاس جا رہے تھے کہ راستے میں موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

چوہدری عبداللہ طاہر تعمیراتی شعبے سے وابستہ ایک معروف کنٹریکٹر تھے اور پاکستان تحریکِ انصاف کے ٹکٹ پر اوکاڑہ سے دو مرتبہ صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں بھی حصہ لے چکے تھے۔

واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔