ٹائیگر شروف کے فٹبال میں قدم رکھنے کی اطلاعات، ڈورنڈ کپ میں شرکت کا امکان
بالی ووڈ کے معروف اداکار اور ایکشن اسٹار ٹائیگر شروف کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ جلد اداکاری کے ساتھ ساتھ مسابقتی فٹبال میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹائیگر شروف مبینہ طور پر کاروباری شخصیت علی احمد کے فٹبال کلب ممبئی ایف سی کی نمائندگی کرتے ہوئے 135ویں ڈورنڈ کپ میں شرکت کر سکتے ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اداکار گزشتہ کچھ عرصے سے ٹیم کے ساتھ باقاعدگی سے ٹریننگ کر رہے ہیں، جبکہ ان کی فٹنس اور کھیل سے وابستگی نے کوچنگ اسٹاف کو بھی متاثر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر ان کی کارکردگی اسی طرح برقرار رہی تو مستقبل میں وہ ٹیم کے مستقل رکن بھی بن سکتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ٹائیگر شروف اور ممبئی ایف سی کا اسکواڈ 30 جولائی کو ڈورنڈ کپ کے آئندہ مقابلوں میں شرکت کے لیے شیلانگ روانہ ہونے والا ہے، تاہم اس حوالے سے نہ اداکار اور نہ ہی کلب کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق جاری کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ٹائیگر شروف اپنی بہترین جسمانی فٹنس اور سخت ٹریننگ روٹین کے باعث شہرت رکھتے ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر مارشل آرٹس، جمناسٹکس، پارکور اور ہائی انٹینسٹی ورزشوں کی ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں، جس کے باعث کھیلوں سے ان کی دلچسپی پہلے ہی نمایاں رہی ہے۔ اب ان کی ممکنہ فٹبال شمولیت کو مداح ایک دلچسپ پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔