ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی سٹی دیار خان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا
July 30, 2026
12:50 pm
ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی سٹی دیار خان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں سول انتظامیہ، پولیس کے اعلیٰ افسران اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
پولیس حکام کے مطابق خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے میں 20 سے زائد اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران 10 سے زائد حملہ آور مارے گئے۔
ادھر پشاور کے علاقے متنی میں ادیزئی پولیس چوکی پر بھی فتنہ الخوارج سے منسلک دہشت گردوں کے حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ہنگو حملے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ نے شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، جبکہ امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔