سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے امریکا کا ہنگامی دورہ, صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس سے اہم ملاقاتیں
July 30, 2026
12:56 pm
سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے امریکا کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور ایران سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان نے ملاقاتوں کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی پیغام بھی امریکی قیادت تک پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس سے گفتگو میں سعودی وزیرِ دفاع نے کہا کہ ریاض خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کے فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران سے منسلک عراقی ملیشیاؤں کی جانب سے سعودی بنیادی ڈھانچے اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے اقدامات ایک سنگین پیش رفت تھے، جن کے بعد سعودی عرب کو ردعمل دینا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کی قیادت نے علاقائی سلامتی، باہمی تعاون اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔