کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں کوئلہ کان میں پیش آنے والے حادثے کے بعد جاں بحق کان کنوں کی تعداد بڑھ کر 34 ہو گئی
July 31, 2026
2:35 pm
کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں کوئلہ کان میں پیش آنے والے حادثے کے بعد جاں بحق کان کنوں کی تعداد بڑھ کر 34 ہو گئی ہے، جبکہ کان میں پھنسے دیگر مزدوروں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔
حکام کے مطابق کان میں گیس جمع ہونے کے باعث ہونے والے دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں مسلسل متاثرہ مقام پر کام کر رہی ہیں۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تازہ کارروائی کے دوران مزید کان کنوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 34 تک پہنچ گئی۔
سرکاری حکام کے مطابق پی ڈی ایم اے، ریسکیو سروس، محکمہ مائنز اینڈ منرلز اور دیگر متعلقہ اداروں کی مشترکہ ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور کان کے اندر پھنسے افراد تک رسائی حاصل کرنے کے لیے بھاری مشینری اور خصوصی آلات استعمال کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سورینج کی کوئلہ کان میں گیس بھر جانے سے دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں کان کا ایک حصہ گر گیا اور متعدد مزدور اندر پھنس گئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام متاثرہ افراد تک رسائی اور انہیں باہر نکالنے تک ریسکیو آپریشن جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ مائنز اینڈ منرلز سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے جاں بحق کان کنوں کے اہلِ خانہ کے لیے فی خاندان پانچ لاکھ روپے مالی امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔