آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات دوسرے مرحلے میں پولنگ مکمل متعدد نشستوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد مختلف حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، جبکہ متعدد نشستوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
گجرات میں حلقہ ایل اے 38 جموں 5 کے 37 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار زیشان یونس ٹانڈہ 3,959 ووٹ حاصل کرکے برتری پر ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ق) کے امیدوار چوہدری اکبر ابراہیم 3,521 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
گوجرانوالہ کے حلقہ ایل اے 35 جموں 2 کے 20 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد اسماعیل گجر 2,664 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ آزاد امیدوار سردار غیاث خان 869 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر چل رہے ہیں۔
ادھر نارووال میں جموں و کشمیر انتخابات کے سلسلے میں تحصیل نارووال کے 16 پولنگ اسٹیشنز میں سے 3 کے غیر سرکاری نتائج موصول ہوئے ہیں۔ ان نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی امیدوار مریم جاوید 547 ووٹوں کے ساتھ سبقت حاصل کیے ہوئے ہیں، جبکہ جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے عثمان علیم 251 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
لاہور ڈویژن کے حلقہ ایل اے 41 ویلی ٹو میں 19 میں سے 7 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد عامر شاہ 544 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار صبا دیوان 271 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ آج آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 8 حلقوں اور پاکستان میں مقیم مہاجرین کے 12 حلقوں میں ووٹنگ ہوئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ ایل اے 1 مظفرآباد میں ناگزیر وجوہات کی بنا پر انتخابات ملتوی کر دیے گئے، جبکہ حلقہ ایل اے 2 لچھراٹ کے چند پولنگ اسٹیشنز پر بھی پولنگ مؤخر کی گئی ہے۔ ان دونوں حلقوں میں اب 4 اگست کو ووٹنگ کرائی جائے گی۔