پیرو میں سیاحوں کو لے جانے والا ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار,تمام 13 افراد جان کی بازی ہار گئے
جنوبی امریکی ملک پیرو میں سیاحوں کو لے جانے والا ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ دنیا بھر میں مشہور نازکا لائنز کے قریب پرواز کر رہا تھا۔ حادثے کے بعد امدادی اداروں نے موقع پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کر دیں۔
حکام کے مطابق طیارے میں عملے کے 2 ارکان کے علاوہ 11 غیر ملکی سیاح سوار تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے سیاحوں کا تعلق جرمنی، اٹلی اور اسپین سے تھا۔
مقامی حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔