پانچ اگست کو یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر صوبے کی تمام سرکاری اور نجی جامعات میں مختلف تقریبات اور آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔رانا سکندر حیات

وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ 5 اگست کو یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر صوبے کی تمام سرکاری اور نجی جامعات میں مختلف تقریبات اور آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے تمام جامعات کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ یومِ استحصالِ کشمیر کو مؤثر اور منظم انداز میں منایا جا سکے۔

رانا سکندر حیات کے مطابق 5 اگست کی صبح 9 بجے تمام جامعات میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ اس کے علاوہ طلبہ میں کشمیر کے مسئلے سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے سیمینارز، تقاریر، مضمون نویسی کے مقابلے اور مباحثوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

وزیرِ تعلیم نے جامعات کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ان تقریبات میں طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے تاکہ یومِ استحصالِ کشمیر کو بھرپور انداز میں منایا جا سکے۔