خیبرپختونخوا حکومت نے جائیداد اور ریونیو سے متعلق خدمات کو جدید بنانے کے لیے سنٹرلائزڈ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

محکمہ ریونیو کے مطابق اس نئے ویب بیسڈ نظام کے تحت زمین اور جائیداد سے متعلق تمام ریکارڈ اور ریونیو معاملات کو مرحلہ وار کمپیوٹرائز کیا جائے گا، تاکہ انتقالات سمیت مختلف امور کو جدید انداز میں انجام دیا جا سکے۔

منصوبے کے تحت صوبے بھر میں قائم 64 سروس ڈلیوری سینٹرز کے ذریعے شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ لینڈ ریکارڈ تک رسائی بھی پہلے سے زیادہ آسان بنائی جائے گی۔ شہری آن لائن نظام کے ذریعے گھر بیٹھے فرد، فردِ بدر، انتقال اور دیگر ریونیو خدمات حاصل کر سکیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے عوامی شکایات میں کمی، خدمات کی رفتار میں اضافہ، شفافیت کا فروغ اور کرپشن کے امکانات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ ساتھ ہی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے محکمہ ریونیو کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

صوبائی حکومت نے ہدف مقرر کیا ہے کہ آئندہ ایک سال کے دوران محکمہ ریونیو کی تمام اہم خدمات آن لائن دستیاب کر دی جائیں۔ متعلقہ حکام کے مطابق محکمہ خزانہ سے فنڈز کی فراہمی کے بعد منصوبے پر باقاعدہ عمل درآمد شروع کیا جائے گا، جبکہ نئے نظام کے ذریعے لینڈ ریکارڈ کی بروقت اپ ڈیٹ، نگرانی اور بہتر انتظام بھی ممکن ہو سکے گا