اینتھروپک کا اے آئی تحریروں میں پوشیدہ واٹرمارک متعارف کرانے کا اعلان
کلاڈ تیار کرنے والی ٹیکنالوجی کمپنی اینتھروپک نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے تخلیق کیے جانے والے متون میں پوشیدہ واٹرمارک شامل کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مستقبل میں اے آئی سے تیار کردہ تحریروں کی شناخت میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اے آئی سے تیار ہونے والا تحریری مواد میڈیا، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تیزی سے استعمال ہورہا ہے، تاہم عام طور پر یہ معلوم کرنا آسان نہیں ہوتا کہ کوئی تحریر انسان نے لکھی ہے یا مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔
اینتھروپک کے مطابق کلاڈ کے ذریعے تیار کردہ متن میں ایسا پوشیدہ واٹرمارک شامل کیا جائے گا جو عام قاری کو دکھائی نہیں دے گا، تاہم مخصوص ٹیکنالوجی کی مدد سے اس کی موجودگی کا پتا لگایا جاسکے گا۔
رپورٹس کے مطابق واٹرمارک الفاظ کے انتخاب اور ان کی ترتیب میں ایک مخصوص انداز کے ذریعے شامل ہوگا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس طریقہ کار سے تحریر کے بنیادی مفہوم یا پڑھنے کے تجربے میں نمایاں تبدیلی نہیں آئے گی۔ اسی نوعیت کی اے آئی مواد شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی گوگل کے Gemini میں بھی زیرِ استعمال ہے۔
تاہم ماہرین کے مطابق ایسا واٹرمارک مکمل طور پر ناقابلِ خاتمہ نہیں ہوگا۔ متن کو بڑی حد تک دوبارہ لکھنے، دوسری زبان میں منتقل کرنے یا اسے دوبارہ ٹائپ کرنے کی صورت میں واٹرمارک کا سگنل کمزور یا ختم ہوسکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف واٹرمارک کی موجودگی یا عدم موجودگی کو کسی تحریر کے اے آئی سے تیار ہونے کا قطعی ثبوت قرار نہیں دیا جاسکتا، تاہم اے آئی مواد میں اضافے کے ساتھ مستقبل میں ایسی ٹیکنالوجی شناخت کے عمل میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔