28 ماہ میں وفاقی حکومت کے قرضوں میں 18 ہزار 832 ارب روپے کا اضافہ
وفاقی حکومت کے ابتدائی 28 ماہ کے دوران مجموعی قرضے میں 18 ہزار 832 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2024 سے جون 2026 تک وفاقی حکومت کے مقامی قرضے میں 16 ہزار 766 ارب روپے جبکہ بیرونی قرضے میں 2 ہزار 66 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ اس حساب سے حکومت کے قرضوں میں روزانہ اوسطاً 22 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد اضافہ بنتا ہے۔
دستاویزات کے مطابق فروری 2024، جو نگران حکومت کا آخری ماہ تھا، اس وقت وفاقی حکومت کا مجموعی قرضہ 64 ہزار 810 ارب روپے تھا۔ جون 2026 تک اس میں ہونے والے اضافے کے بعد یہ رقم بڑھ کر 83 ہزار 642 ارب روپے ہوگئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری 2024 میں وفاقی حکومت کا مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے تھا، جو جون 2026 تک بڑھ کر 59 ہزار 441 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
اسی طرح فروری 2024 میں حکومت کے بیرونی قرضے کا حجم 22 ہزار 134 ارب روپے تھا، جو جون 2026 میں بڑھ کر 24 ہزار 201 ارب روپے ہوگیا۔