لاہور کے چوہنگ میں فائرنگ، ایک خاندان کے 4 افراد جاں بحق
لاہور کے علاقے چوہنگ میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ واقعے کے بعد مبینہ حملہ آور نے خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عمران نے تقریباً چھ ماہ قبل سمعیہ نامی خاتون سے مبینہ طور پر زبردستی نکاح کیا تھا۔
حکام کے مطابق گرفتاری کے بعد رہائی ملنے پر عمران مبینہ طور پر سمعیہ کے گھر پہنچا اور فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آکر سمعیہ، اس کے والدین اور بھائی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ فائرنگ کے محرکات اور دیگر حقائق سامنے لائے جاسکیں۔