لاہور میں کھلا مین ہول 7 سالہ بچے کی جان لے گیا

لاہور کے علاقے ہنجروال کے قریب حمزہ پارک میں کھلے مین ہول میں گرنے سے 7 سالہ بچہ حکیم اللہ ظہیر جاں بحق ہوگیا۔

اہل علاقہ کے مطابق بچہ گلی میں گیا تھا لیکن واپس گھر نہ پہنچ سکا۔ تلاش کے دوران معلوم ہوا کہ وہ کھلے مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار چکا ہے، جس کے بعد علاقے میں غم کی فضا پھیل گئی۔

مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں کئی مین ہولز کھلے پڑے تھے اور شکایات کے باوجود واسا کی ٹیم بروقت نہ پہنچ سکی۔ ان کے مطابق حادثے کے بعد گلی میں موجود 7 کھلے مین ہولز پر ڈھکن نصب کیے گئے۔

علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہری علاقوں میں کھلے مین ہولز کی نشاندہی کرکے فوری طور پر انہیں محفوظ بنایا جائے تاکہ مزید جانیں ضائع نہ ہوں۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں رواں سال کھلے مین ہولز میں گرنے کے مختلف واقعات میں 7 سے زائد بچے جاں بحق ہوچکے ہیں، تاہم متعدد علاقوں میں اب بھی گٹر کے ڈھکن غائب ہیں۔