فیفا کے چیف آپریٹنگ آفیسر کیون لامور عہدے سے فارغ، انفینٹینو کے منصوبے پر اختلاف

انٹرنیشنل فٹبال فیڈریشن (فیفا) کے چیف آپریٹنگ آفیسر کیون لامور کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی رخصتی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وہ فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو کے ایک متنازع تجارتی منصوبے پر کھل کر تحفظات کا اظہار کرچکے تھے۔

کیون لامور نے اس منصوبے پر اعتراض کیا تھا جس کے تحت ورلڈ کپ اور دیگر فیفا مقابلوں سے حاصل ہونے والے تجارتی حقوق میں نجی سرمایہ کاروں کو حصہ دینے کی تجویز سامنے آئی تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ اس منصوبے میں شفافیت اور مشاورت سے متعلق سنجیدہ سوالات موجود ہیں۔

لامور کی رخصتی نے فیفا کے اندر جاری اختلافات کو مزید نمایاں کردیا ہے۔ ان کے جانے سے قبل صدر انفینٹینو کے ایک سابق مشیر کارلوس کورڈیرو بھی اسی معاملے پر اختلاف کے بعد ادارے سے الگ ہوچکے ہیں۔

انفینٹینو کے تجارتی منصوبے کو عالمی فٹبال کی متعدد بڑی تنظیموں کی جانب سے بھی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ یوئیفا، اے ایف سی اور کونکاکاف کے سربراہان نے منصوبے پر شدید تحفظات ظاہر کرتے ہوئے اس کے طریقہ کار اور گورننس پر سوالات اٹھائے اور آزادانہ جائزے کا مطالبہ کیا۔

یوئیفا کی جانب سے یہ خدشات بھی سامنے آئے کہ ایسے فیصلے عالمی فٹبال کے انتظامی نظام اور باہمی اعتماد کو متاثر کرسکتے ہیں۔ یوئیفا کی نائب صدر لورا میک ایلسٹر نے کیون لامور کی برطرفی کو انتہائی تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ اس سے فیفا کی انتظامی ساکھ مزید دباؤ میں آسکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق انفینٹینو کے اس منصوبے کے خلاف بڑھتی مزاحمت کے باعث فیفا کی قیادت پر دباؤ میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ یہ معاملہ آئندہ صدارتی انتخاب سے قبل ادارے کے اندر گورننس اور اعتماد کی بحث کو بھی مزید اہم بنا رہا ہے۔