مصباح ارشد مس یونیورس پاکستان 2026 منتخب، عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی
پاکستانی ماڈل مصباح ارشد نے مس یونیورس پاکستان 2026 کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ وہ رواں سال نومبر میں پورٹو ریکو میں ہونے والے عالمی مقابلہ حسن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
مس یونیورس پاکستان 2026 کی تاج پوشی کی تقریب فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے روزال پارک ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں 10 فائنلسٹس نے مقابلے میں حصہ لیا۔ حتمی مرحلے کے بعد مصباح ارشد کو فاتح قرار دیا گیا۔
قومی اعزاز حاصل کرنے کے بعد مصباح ارشد 24 نومبر کو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں منعقد ہونے والے مس یونیورس 2026 کے عالمی مقابلے میں شریک ہوں گی، جس میں مختلف ممالک کی نمائندہ امیدوار عالمی تاج کے لیے مقابلہ کریں گی۔
مصباح ارشد پاکستانی نژاد ہیں اور ماضی میں اسلام آباد میں بھی مقیم رہ چکی ہیں۔ اس وقت وہ جرمنی کے شہر میونخ میں رہائش پذیر ہیں جہاں وہ یونیورسٹی آف ہیگن سے نفسیات کی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔
سال 2000 میں پیدا ہونے والی مصباح نے 2023 میں حسن کے مقابلوں میں اپنی پہچان بنائی۔ اسی سال انہوں نے مس پاکستان ورلڈ 2023 اور مس اورا پاکستان 2023 کے ٹائٹل بھی حاصل کیے تھے۔
مس یونیورس پاکستان 2026 کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد اب مصباح ارشد کی نظریں عالمی مقابلے پر ہیں، جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔