ملتان میں گٹر لائن کی صفائی کے دوران دو افراد جاں بحق، حفاظتی اقدامات پر سوالات
ملتان . ریسکیو حکام کے مطابق دونوں افراد رات گئے سیوریج لائن کی صفائی کے کام میں مصروف تھے کہ اچانک دم گھٹنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات میں سامنے آیا ہے کہ دونوں افراد ضروری حفاظتی سامان کے بغیر گٹر لائن میں اتر کر صفائی کررہے تھے۔
دوسری جانب واسا حکام نے واقعے سے متعلق مؤقف دیتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک ادارے کا مستقل ملازم جبکہ دوسرا کنٹریکٹ پر کام کرتا تھا۔ حکام کے مطابق واسا کی جانب سے دونوں افراد کو سیوریج لائن صاف کرنے کے لیے کوئی باقاعدہ ہدایت جاری نہیں کی گئی تھی۔
واسا حکام کا کہنا ہے کہ دونوں افراد اپنی ذاتی حیثیت میں ایک نجی کنٹریکٹر کی مدد کے لیے سیوریج لائن میں گئے تھے۔
ادارے کی جانب سے مزید کہا گیا کہ سیوریج سے متعلق کاموں کے دوران حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی ہے اور کام شروع کرنے سے قبل تمام ضروری حفاظتی انتظامات مکمل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔