چینی ہیومنائیڈ روبوٹ نے 100 میٹر میں یوسین بولٹ کا وقت پیچھے چھوڑ دیا
چینی کمپنی کے تیار کردہ ہیومنائیڈ روبوٹ ’’لائٹننگ‘‘ نے 100 میٹر کی دوڑ میں 9.32 سیکنڈ کا وقت حاصل کرکے جمیکن ایتھلیٹ یوسین بولٹ کے 9.58 سیکنڈ کے عالمی ریکارڈ سے بہتر وقت درج کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق یہ کارکردگی دوسرے ورلڈ ہیومنائیڈ روبوٹ گیمز کی تیاری کے سلسلے میں منعقد ہونے والے ایک مقابلے کے دوران سامنے آئی، جہاں روبوٹ نے زیادہ سے زیادہ 14.5 میٹر فی سیکنڈ رفتار حاصل کی۔
واضح رہے کہ یوسین بولٹ نے 2009 میں 100 میٹر کا فاصلہ 9.58 سیکنڈ میں طے کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس وقت ان کی اوسط رفتار تقریباً 10.44 میٹر فی سیکنڈ بنتی تھی۔
روبوٹ کی جانب سے 9.32 سیکنڈ میں فاصلہ مکمل کرنے کے دعوے نے جدید روبوٹکس کی رفتار اور انسانی ایتھلیٹس کی کارکردگی کے درمیان نئے تقابل کو جنم دیا ہے۔
یہ پیش رفت روبوٹکس کے میدان میں انسانی حرکات کی نقل، تیز رفتار دوڑ اور جدید مصنوعی نظاموں کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو بھی نمایاں کرتی ہے۔