خیرپور میں 12 گھنٹوں کے دوران 5 افراد قتل، متعدد وارداتیں
خیرپور اور اس کے گردونواح میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران بدامنی کے مختلف واقعات پیش آئے، جن میں ایک لڑکی سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کوٹ ڈیجی کے قریب پرانی قومی شاہراہ پر مسلح ڈاکوؤں نے مسافر گاڑیوں کو لوٹنے کی کوشش کی۔ ایک گاڑی کے نہ رکنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں انجینئر فیصل گلزار بھٹو جاں بحق جبکہ دانیال زخمی ہوگیا۔
ادھر کھڑا کے قریب ایک 17 سالہ لڑکی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس واقعے کے محرکات اور ملزمان کی تلاش کے لیے تحقیقات کررہی ہے۔
پیرگوٹھ کے نزدیک بھی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا، جہاں کاروکاری کے الزام کے تحت آصف جاگیرانی کو مبینہ طور پر قتل کیا گیا۔
دوسری جانب شاہ حسین کے علاقے میں الگ الگ مقامات سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں۔ پولیس کے مطابق دونوں مقتولین کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی اور لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ادھر ٹھری میرواہ کے قریب ڈیوٹی ختم کرکے گھر جانے والے پولیس اہلکار خالد کو مسلح افراد نے مبینہ طور پر یرغمال بنایا اور اس سے سرکاری اسلحہ، موبائل فون اور نقدی چھین لی۔
اسی طرح سب انسپکٹر اللہ جوایو کو بھی نامعلوم افراد نے یرغمال بنا کر موٹر سائیکل اور رقم سے محروم کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق تمام واقعات کی الگ الگ تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔